حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامک سٹوڈنٹس شگر شعبۂ قم کے زیر اہتمام استقبالِ ماہِ رمضان کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب بعنوان «رمضان المبارک اسلامی تہذیب وثقافت کے احیاء کا مہینہ» منعقد ہوئی جس میں بزرگ علمائے کرام، مختلف تنظیموں کے سربراہان، اہل قلم اور طلاب حوزہ نے شرکت کی۔
تقریب سے شیخ سکندر علی بہشتی نے خطاب کرتے ہوئے مغربی ثقافتی یلغار کے مقابلے میں اسلامی ثقافت کی ضرورت پر زور دیا اور مزید کہا کہ اسلامی ثقافت کے لئے رمضان المبارک سب سے اہم مہینہ ہے، ہمیں اس بابرکت مہینے میں شعائر الہی اور مختلف پروگراموں کو خطبۂ شعبانیہ کی روشنی میں بیان کرنا چاہئے، کیونکہ خطبۂ شعبانیہ اعمالِ رمضان المبارک کا منشور ہے۔
حجۃ الاسلام شیخ غلام محمد شاکری نے اسلامی تہذیب وثقافت کے احیاء، معاشرے میں اصلاحی اقدامات، ملکی وعالمی حالات کے تناظر میں علماء و طلاب کی ذمہ داری کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
علامہ شاکری نے اہل بیت علیہم السلام کی ولادت وشہادت میں صرف سوانح حیات کے بجائے ان کی سیرت، کردار اور عصری مسائل کو حل کے لئے ائمہ علیہم السلام کے فرامین سے بھرپور استفادہ کی ضرورت پر تاکید کی۔
تقریب کے آخر میں اسلامی تہذیب وثقافت سیمینار کے مقابلۂ مقالہ نویسی میں قم اور مشہد سے شرکت کرنے والے بلتستان کے 15سے زائد اہل قلم مقالہ نگاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں گئیں۔